اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں اور ان کی قیادت میں پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کے عالمی سطح پر تنازعات کے خاتمے کے لیے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاک بھارت سیزفائر میں صدر ٹرمپ کا فیصلہ کن کردار خطے میں بڑے سانحے کو ٹالنے کا باعث بنا۔
وزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی اور نیویارک میں مسلم دنیا کے رہنماؤں سے امن کے لیے مشاورت پر بھی صدر ٹرمپ کی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ ٹیرف معاہدے پر شکریہ ادا کیا اور امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی سلامتی اور انسداد دہشتگردی کے تعاون پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے کردار کی توثیق پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سکیورٹی و انٹیلیجنس تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔






