ریو ڈی جنیرو: برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں دو ہیلی کاپٹر فضا میں آپس میں ٹکرا کر گر گئے، حادثے میں دونوں ہیلی کاپٹروں میں سوار تمام 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی صبح پیش آیا جب دونوں ہیلی کاپٹر ریو ڈی جنیرو کے مغربی علاقے کے اوپر پرواز کر رہے تھے۔ تصادم کے بعد ایک ہیلی کاپٹر قریبی کار ڈیلرشپ پر گر کر تباہ ہوگیا جس سے وہاں کھڑی متعدد الیکٹرک گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
ریو ڈی جنیرو کے ملٹری فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم ہیلی کاپٹروں میں سوار تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور تصادم کی اصل وجہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔






