جی ایچ کیو حملہ کیس، پی ٹی آئی وکلا کی التوا کی نئی درخواست بھی خارج

0
98

راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے روبرو جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت میں عدالت نے وکلائے صفائی کی التوا کی نئی درخواست خارج کر دی جبکہ سرکاری فریق کے تین گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ جج سید امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی اور آئندہ تاریخ پر آخری تین گواہوں کو طلب کر لیا۔

عدالت نے کیس کے 71 گواہان کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے فارغ کر دیا۔ اب تک 44 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں جبکہ 13 گواہوں پر تاحال جرح باقی ہے۔ آج پیش ہونے والے گواہوں نے گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والے ڈنڈے، جھنڈے، پولیس ہیلمٹ، لائٹر اور فوجی مجسموں کے ٹکڑے بطور شواہد عدالت میں پیش کیے۔ گواہ انسپکٹر عصمت کمال نے پی ٹی آئی قیادت کی چکری انٹرچینج میٹنگ سے متعلق شواہد بھی عدالت کے سامنے رکھے۔

وکلائے صفائی نے ویڈیو لنک کے ذریعے کارروائی کو ایک بار پھر چیلنج کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ جب تک ہائی کورٹ ویڈیو لنک پٹیشن پر فیصلہ نہیں کرتی سماعت ملتوی رکھی جائے، تاہم پراسیکیوشن نے اسے تاخیری حربہ قرار دیا اور عدالت نے درخواست خارج کر دی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کو ویڈیو لنک فعال رکھنے کے لیے ہدایات جاری کیں اور کچہری میں سخت سکیورٹی انتظامات برقرار رکھے گئے۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے اعظم سواتی بھی عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گرد قوم کے دشمن ہیں اور افواجِ پاکستان، پولیس اور عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ کیس میں مجموعی طور پر 119 ملزمان اور 119 گواہان شامل ہیں، ابھی تک 41 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں جبکہ 12 گواہوں پر جرح باقی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا