پاکستان شوبز کے نامور گلوکار و اداکار علی ظفر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔ انہوں نے لاہور کے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں منعقدہ ایک خصوصی امدادی شو میں شرکت کی۔ اس شو کا مقصد سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنا اور ان سے اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔
تقریب میں علی ظفر کے ساتھ معروف گلوکارہ نتاشا، علی نور اور گوہر ممتاز نے بھی پرفارم کیا۔ ان کی پرفارمنس نے شرکاء کے دل جیت لیے اور ماحول کو جذباتی رنگ دے دیا۔
حاضرین کی بڑی تعداد نے فنکاروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے سیلاب زدگان کے لیے امداد میں حصہ لیا۔
علی ظفر نے خطاب میں کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام اور ساتھی فنکاروں سے اپیل کی کہ آگے بڑھ کر ان متاثرہ افراد کی امداد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔






