چین کے شہر شنگلی میں بین الاقوامی آتشبازی مقابلے کا انعقاد ہوا، جس میں دنیا بھر کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان کی نمائندگی “الائیڈ فائر ورکس انٹرنیشنل” نے کی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم نے آتشبازی کے ذریعے پاک چین دوستی کو اجاگر کیا۔ جے ایف-17 تھنڈر کا آتشبازی میں جلوہ دیکھ کر شائقین حیران رہ گئے۔ یہ مظاہرہ تکنیکی مہارت کے ساتھ جذبات اور تعلقات کا عکاس تھا۔
شو کے دوران پاکستانی موسیقی نے ماحول کو مزید جاندار بنایا۔ حاضرین نے کھڑے ہو کر پاکستانی ٹیم کو داد دی جبکہ ججز نے ان کی تخلیقی سوچ کو سراہا۔
“الائیڈ فائر ورکس انٹرنیشنل” کے سی ای او شاہد بٹ نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔






