پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے،شہباز شریف

0
267

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں قومی دن کے موقع پر چینی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن چین کے شاندار قومی سفر کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کے کردار کا اعتراف بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین نے ترقی اور خوشحالی کے ایسے سنگِ میل عبور کیے ہیں جو دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال اور ناقابلِ شکست رشتہ ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ یہ تعلق باہمی اعتماد، قربانی اور اخلاص پر مبنی ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ان کا حالیہ دورہ چین انتہائی مفید اور نتیجہ خیز رہا، جس کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان سب سے اہم مشترکہ منصوبہ ہے جو اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور دونوں ممالک اپنی شراکت داری کو نئے سنگ میل تک لے جائیں گے۔

علاوہ ازیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی چین کے قومی دن پر چینی قیادت، کمیونسٹ پارٹی اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں توازن اور ترقی کی بنیاد ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ چینی قیادت نے مختصر عرصے میں معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کو عملی تعبیر دی ہے۔ چین کی معاشی، سماجی اور عسکری میدان میں غیرمعمولی کامیابیاں خطے کے استحکام اور ترقی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چین عظیم شراکت داری کی روشن مثال ہے جبکہ ہمالیہ کی بلند چوٹیاں، قراقرم کی راہیں اور سمندر کی گہرائیاں دونوں ممالک کی لازوال دوستی کی گواہ ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ چین ہر بحران اور چیلنج میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ گوادر سے خنجراب تک، توانائی سے مواصلات تک چین نے پاکستان کی معاشی بنیادوں کو مستحکم کیا ہے۔ قومی دن پر انہوں نے چینی قوم کی محنت، لگن اور جدت پسندی کو سلام پیش کرتے ہوئے مزید ترقی اور کامیابی کی دعا کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا