اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون کے دوران ملک بھر میں معمول سے 23 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالعزیز نے بتایا کہ پری ونٹر (Pre-Winter) بارشوں میں کمی کا امکان ہے، جس کی بنیادی وجہ موسمی پیٹرن میں تیزی سے آنے والی تبدیلیاں ہیں۔ ان کے مطابق اس سال سردیوں کے آغاز میں بارشیں کم ہوں گی، تاہم سردیوں کے اختتام پر زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی سردیوں کے دوران برفباری کم ہو سکتی ہے۔ اگر برفباری میں کمی ہوئی تو اس کے اثرات آئندہ سال کے مون سون پر پڑیں گے اور امکان ہے کہ اگلا مون سون معمول سے زیادہ شدید ہو۔
محکمہ موسمیات نے اس صورتحال کو موسمیاتی تبدیلیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمی پیٹرن میں تیزی سے آنے والی تبدیلیاں ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے نظام کو متاثر کر رہی ہیں۔






