اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے سینئر صحافی اعجاز احمد کے ساتھ اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت میں پیشی کے دوران پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
پی ایف یو جے دستور کے صدر محمد نواز رضا اور سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایک ایسے شخص کو، جو ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کا بانی ہو، وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز رہ چکا ہو اور تین دہائیوں سے سیاست میں سرگرم عمل ہو، یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ ریاست کے چوتھے ستون کے ایک رکن کی تضحیک کرے۔
بیان میں کہا گیا کہ اعجاز احمد نے صرف یہ سوال پوچھا تھا کہ آیا عمران خان کی ہمشیرہ نے شوکت خانم اسپتال کے فنڈز سے امریکہ میں جائیداد خریدی، جس پر عمران خان نے نہ صرف بے عزتی کی بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
پی ایف یو جے دستور کے رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کا رویہ فسطائیت پر مبنی ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دو سالہ جیل یاترا کے دوران ان کا ٹمپرامنٹ ختم ہو چکا ہے اور وہ برداشت کھو بیٹھے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پارلیمنٹ سے لے کر عوامی اجتماعات تک، عمران خان کے اس رویے کے خلاف احتجاج جاری رہے گا جب تک وہ صحافی اعجاز احمد سے باضابطہ معافی نہیں مانگتے۔






