پیپلزپارٹی کو مریم نواز کی پرفارمنس سے خوف ہے، بے بنیاد بیانات دیے جا رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

0
180

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے خوفزدہ ہو کر بے بنیاد اور غیرضروری بیانات دے رہی ہے۔ ان کے مطابق سیز فائر کا آپشن موجود ہے لیکن یہ معاملہ حکومت پنجاب نے شروع نہیں کیا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر اتحادی ڈھنگ کا مشورہ دیں تو ہم کیوں نہ لیں، لیکن سیلاب جیسے اہم معاملے پر پیپلزپارٹی نے پنجاب حکومت کی مدد کے بجائے سیاست شروع کر دی۔ پنجاب نے اپنی مدد آپ کے تحت 25 لاکھ افراد اور 21 لاکھ مویشیوں کو ریسکیو کیا، اب ان کی بحالی بھی اپنے وسائل سے کر رہا ہے، کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلا رہا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب آیا تو وفاق اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھرپور تعاون کیا، اس وقت پنجاب حکومت نے کوئی سیاسی بیان نہیں دیا۔ اس کے برعکس پنجاب میں سیلاب آیا تو پیپلزپارٹی نے الزام تراشی شروع کر دی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسان کو امدادی قیمت نہ دینا صرف پنجاب کا مسئلہ نہیں، سندھ میں بھی کسان کو قیمت نہیں دی گئی، پھر بار بار یہ کیوں کہا جاتا ہے کہ پنجاب کا کسان مرگیا؟

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کا کارڈ بیچنے کی سیلاب میں کوئی ضرورت نہیں۔ جو لوگ اس پروگرام میں رجسٹرڈ نہیں ان کی مدد کیسے ممکن ہوگی؟ پنجاب نے اپنی عوام کے لیے اپنے وسائل استعمال کیے ہیں، بیرونی امداد لینے پر مجبور نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے خوف ہے، اس خوف کی وجہ سے وہ غیر ضروری بیانات دیتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی اگر واقعی اتحادی جماعت کی طرح سیلاب متاثرین کے لیے ساتھ کھڑی ہو تو پنجاب حکومت تعاون کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی استحکام کے لیے اتحادی تعلقات ضروری ہیں، لیکن کارکردگی پر مقابلہ ہونا چاہیے۔ سندھ میں 17 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، اگر وہاں ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کی حالت بہتر ہو تو ہمیں خوشی ہوگی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا