اسرائیلی فوج کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر دھاوا، عملے کو حراست میں لے لیا

0
252

غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسرائیلی بحریہ نے گھیرے میں لینے کے بعد چاروں جانب سے حملہ کردیا۔

الجزیرہ سے گفتگو میں فلوٹیلا کے ترجمان سیف ابو کشک نے تصدیق کی کہ اسرائیلی افواج نے کئی کشتیوں کی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی منقطع کردی اور کچھ کشتیوں میں فوجی زبردستی داخل ہوگئے۔ ان کے مطابق کچھ ویڈیوز بھی موصول ہوئی ہیں جو اس صورتحال کی عکاسی کرتی ہیں۔

ابو کشک نے مزید کہا کہ اسرائیلی بحریہ فلوٹیلا کو مسلسل پیغامات بھیج کر خبردار کر رہی تھی کہ اس راستے سے غزہ امداد لے جانا “غیر قانونی” ہے۔ ان کے مطابق یہ سب اسرائیلی حکومت کی اُس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد غزہ کی آبادی کو بھوک سے مارنا ہے۔

فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ایک جہاز پر سوار تمام افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں صحافی بھی شامل ہیں۔ اس دوران فلوٹیلا کی تمام کشتیوں کی لائیو فیڈ بھی بند ہوگئی جس کے باعث رابطے منقطع ہوگئے۔

قبل ازیں فلوٹیلا کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے رکن تیاغو اویلا نے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ “ہم اسرائیلی ناکہ بندی کے قریب پہنچ رہے ہیں”، جس کے فوری بعد کشتیوں کے گھیراؤ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

آج صبح ہی فلوٹیلا کے ایک اہم جہاز “الما” کو اسرائیلی جنگی بحری جہاز نے کئی منٹ تک جارحانہ انداز میں گھیرے میں رکھا تھا۔ اسی جنگی جہاز نے فلوٹیلا کی ایک اور کشتی “سیریس” کو بھی تقریباً 15 منٹ تک محاصرے میں رکھا تھا۔

اطلاعات کے مطابق قافلے میں 40 سے زائد کشتیاں اور تقریباً 500 افراد شامل ہیں، جن میں اطالوی سیاست دان اور سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی موجود ہیں۔

اٹلی اور یونان نے اسرائیل سے کارکنوں کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا اور مشورہ دیا تھا کہ امداد قبرص میں اتاری جائے تاکہ چرچ تقسیم کرے، تاہم فلوٹیلا نے غزہ کا راستہ اختیار کیا۔

اسرائیل کا موقف ہے کہ یہ قافلے “حماس کی کارروائی” ہیں، لیکن اب تک اس حوالے سے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ رواں برس جون اور جولائی میں بھی ایسے ہی امدادی قافلے روکے گئے تھے اور عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ صمود فلوٹیلا پر 44 مما لک کے 450 سے زائد افراد سوار ہیں جن میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہیں۔ 

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا