لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کی تذلیل کرنے والوں کو جواب دینا میرا کام ہے اور اس پر کبھی معافی نہیں مانگوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شمالی اور جنوبی پنجاب میں تفریق ڈالنے والے عوام کے دوست نہیں اور وہ پنجاب کے تمام شہروں کو بند مٹھی کی طرح جوڑ کر رکھنا چاہتی ہیں۔
لاہور میں تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز نے پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ایسے ملک کا زوال ممکن نہیں جس میں اتنے ٹاپرز ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 50 ہزار سکول اور کروڑوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور سرکاری و پرائیویٹ سکولز کے معیار میں فرق ختم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے اور اس وقت پنجاب میں 80 ہزار طالب علم اسکالرشپس پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ طلبہ کے لیے جدید لیپ ٹاپس، سینٹر آف ایکسی لینس اور 6 ہزار سٹیٹ آف دی آرٹ لیبز قائم کروا رہی ہیں تاکہ بچے اے آئی، روبوٹکس اور کوڈنگ سمیت جدید مضامین پڑھ سکیں۔ چکوال میں پہلے سینٹر آف ایکسی لینس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی طرز کے مزید مراکز ہر شہر میں بنائے جائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے سفارش و دھاندلی کو مکمل طور پر روک دیا ہے اور تقرریوں کے لیے پینلز کے انٹرویو خود کرتی ہیں تاکہ میرٹ کو فروغ ملے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ہر اسکول میں سبجیکٹ سپیشلسٹ فراہم کیے جائیں گے اور والدین کو یونیفارم اور کتابوں کے لیے اپنی جیب نہیں دیکھنی پڑے گی۔
مریم نواز نے سماجی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سکول میل پروگرام کے تحت 10 لاکھ بچوں کو روزانہ دودھ فراہم کیا جا رہا ہے اور “اپنا گھر” سکیم کے تحت پورے پنجاب میں 90 ہزار گھر بنائے جا رہے ہیں۔ گرین الیکٹرک بسوں کے ذریعے طلبہ کو مفت سفر اور بیٹیوں کے لیے علیحدہ سیکشن کا بھی اعلان کیا گیا، جبکہ بسوں میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے اور کئی شہروں میں کئی ہفتے سے کوئی کرائم رپورٹ نہیں ہوا۔ خواتین کے خلاف ہراسگی کے واقعات پر 24 گھنٹوں میں ایکشن لیا جاتا ہے، اور پراجیکٹس میں خواتین کی شمولیت پر زور دیا گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ پورے پنجاب کی وزیراعلیٰ ہیں اور کسی شہر کے ساتھ تفریق قبول نہیں کریں گی۔
وزیرِ اعلیٰ نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر فیک نیوز کے خلاف ہوشیاری کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت اور فریب میں فرق سمجھیں اور آنکھیں بند کر کے کسی کی بات پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے پنجاب کی ترقی کے منصوبوں (میٹرو بس، 90 ہزار گھر، 13 روپے کی روٹی وغیرہ) کو حقیقت قرار دیا اور کہا کہ اگر انہیں پانچ سال کا دور ملا تو پنجاب ترقی یافتہ صوبہ بنے گا۔
آخر میں مریم نواز نے کہا کہ اگر کوئی پنجاب کے عوام کی تذلیل کرے گا تو وہ جواب دیں گی اور عوام کے اعتماد کے بعد وہ اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے نبھائیں گی۔






