اسلام آباد: ملک بھر میں موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکسز کی آمدن میں ایک سال کے دوران 101 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 2024-25 میں ٹول ٹیکس کی مجموعی آمدن 64 ارب 42 کروڑ 38 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی، جب کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 میں یہ آمدن 32 ارب روپے سے زائد رہی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں ہائی ویز سے 34 ارب 42 کروڑ روپے اور موٹرویز سے 29 ارب 99 کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل ہوا۔
صوبائی تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ٹول ٹیکس آمدن 84 فیصد اضافے کے بعد 19 ارب 58 کروڑ روپے، سندھ میں 117 فیصد اضافے سے 11 ارب 37 کروڑ روپے، خیبر پختونخوا میں 92 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 38 کروڑ روپے جبکہ بلوچستان میں 81 فیصد اضافے سے آمدن ایک ارب روپے سے زائد رہی۔
دستاویز کے مطابق سرکاری اداروں، ایمبولینسز، پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو ٹول ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔






