کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات نئی جہتوں پر ہیں اور ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ یہ ان کا ملائیشیا کا پہلا دورہ ہے اور وہ پرتپاک استقبال پر ملائیشین قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کے لیے دوسرا گھر ہے، جبکہ وزیراعظم انور ابراہیم نمایاں خصوصیات کے حامل لیڈر ہیں جنہوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثبت بات چیت ہوئی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات میں اضافے اور عالمی امور پر تبادلہ خیال شامل ہے۔ مسئلہ فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس تجارت کو مزید بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی کتاب ’’سکرپٹ‘‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے انور ابراہیم کی فرمائش پر علامہ اقبالؒ کے اشعار بھی پڑھے۔
اس سے قبل ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ 1957 سے برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات فروغ پا رہے ہیں، جبکہ خطے اور عالمی امور پر بھی پاکستان کے ساتھ سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے۔
انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے پاک بھارت تعلقات میں بہتری ناگزیر ہے اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ اس موقع پر ان کی کتاب ’’سکرپٹ‘‘ کے اردو ترجمے کی تقریب رونمائی بھی کی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔






