کوالالمپور: دورہ ملائیشیا کے دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے اعزاز میں شاندار اور باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے دفتر پہنچے جہاں ملائیشین ہم منصب نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گلے مل کر خیرمقدم کیا۔
تقریب کے دوران ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزرا اور دیگر حکام سے مصافحہ کیا۔
گزشتہ رات وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچے تھے۔ بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فاضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کی رہائش گاہ آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ایک بار پھر شہباز شریف کو گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔






