اسلام آباد: جاپان کی حکومت نے جی جی پی گرانٹ اسسٹنس پروگرام کے تحت دو پاکستانی این جی اوز کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک لاکھ 13 ہزار 335 ڈالر کی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ معاہدے پر جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی اور دونوں این جی اوز کے نمائندوں نے دستخط کیے۔
این جی او اکٹیڈ کو 61,200 ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائے گی، جس سے خیبرپختونخوا کے نوشہرہ ضلع میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم کو بحال کیا جائے گا۔ پروجیکٹ میں واٹر ٹینک کی تعمیر اور پائپ لائن کی توسیع شامل ہے، جس سے گاؤں آشا خیل کے 1,470 افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
دوسری این جی او کے او کو 52,135 ڈالر کی گرانٹ راولپنڈی کے مسکین آباد میں پرائمری اسکول کی تعمیر کے لیے دی جائے گی، جس سے ہر سال 300 طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی اور اسکول سے باہر بچوں کے اندراج میں اضافہ ہوگا۔
جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی نے کہا کہ یہ منصوبے مقامی کمیونٹیز کی مدد سے معیار زندگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے تعلیم اور بنیادی انفرا اسٹرکچر کو جاپان کی ترقیاتی امداد کی حکمت عملی کا سنگ بنیاد قرار دیا اور کہا کہ جاپان پاکستانی عوام کی سماجی بہبود کے لیے این جی اوز کو آسان اور بروقت مدد فراہم کرتا رہے گا۔






