کراچی: ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے سرکاری فورم آئی بی سی سی نے نئی گریڈنگ پالیسی کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو مرحلہ وار 2026 سے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات میں نافذ ہوگی۔ تاہم، نئی پالیسی میں “جی پی اے اور سی جی پی اے” کو شامل نہیں کیا گیا۔
ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح کے مطابق یونیورسٹیوں کی درخواست پر فی الوقت گریڈ پوائنٹ ایوریج (GPA) کو نئی پالیسی میں شامل نہیں کیا گیا، اور اب یہ سال 2026 سے جی پی اے کے بغیر نافذ ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے طلبہ جو کسی پرچے میں 40 سے کم نمبر حاصل کریں گے انہیں “یو” گریڈ دیا جائے گا، جبکہ میٹرک اور انٹر کے تمام مضامین میں پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کیے گئے ہیں۔
گریڈنگ سسٹم کی نئی تفصیل کے مطابق 81 سے 100 مارکس کے لیے 4 گریڈز ہوں گے: 96–100 A++ (Extraordinary)، 91–95 A+ (Exceptional)، 86–90 A (Outstanding)، 81–85 B++ (Excellent)۔ دیگر گریڈز B+, B, C+, C, D اور U (Ungraded) ہوں گے۔
یہ پالیسی 2026 میں نویں اور گیارھویں جماعتوں پر اور 2027 میں دسویں اور بارھویں جماعتوں پر لاگو ہوگی۔






