راولپنڈی — بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے استعفیٰ طلب کرلیا جبکہ ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے کی تصدیق پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کی۔
میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے باعث عمران خان نے یہ فیصلہ کیا، کیونکہ قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ عمران خان نے ہدایت دی کہ دہشت گردی کے مسئلے کو قبائلی جرگوں اور عوامی تعاون سے حل کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اورکزئی میں شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو وفاق کی غلط پالیسیوں سے خود کو الگ کرنا چاہیے۔ عمران خان کو امید ہے کہ سہیل آفریدی نئی اور واضح پالیسی کے ساتھ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور پارٹی کے وفادار رہنما ہیں اور بانی کے فیصلے کا احترام کریں گے، وہ عوامی سیاست میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔





