پشاور میں پاکستان تحریک انصاف نے وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار محمد سہیل آفریدی کی بلامقابلہ کامیابی کے لیے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے رابطہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر شیر علی ارباب، علی خان جدون، شوکت یوسفزئی، عرفان سلیم اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ باچا خان مرکز پشاور پہنچے، جہاں انہوں نے اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین سمیت پارٹی قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات میں اے این پی کے رہنما سید عاقل شاہ، صلاح الدین، حسین شاہ یوسفزئی، ارسلان خان ناظم، حامد طوفان اور طارق افغان بھی موجود تھے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔
پی ٹی آئی نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اے این پی سے حمایت کی درخواست کی جس پر میاں افتخار حسین نے کہا کہ فیصلہ مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی پارلیمان، آئین اور جمہوری اصولوں کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی غیر آئینی یا غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔






