کراچی: پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافے کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج شدید مندی دیکھی جا رہی ہے۔ ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 4 ہزار پوائنٹس سے زائد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز آغاز سے ہی مارکیٹ دباؤ میں رہی۔ 4800 سے زیادہ پوائنٹس کی کمی کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس گر کر ایک لاکھ 58 ہزار 67 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران گاڑیوں کے اسمبلرز، سیمنٹ سیکٹر، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریز اور پاور جنریشن جیسے اہم شعبوں میں نمایاں فروخت دیکھی گئی۔
انڈیکس میں وزن رکھنے والے بڑے اسٹاکس، جیسے حبکو، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ایچ بی ایل اور یو بی ایل بھی منفی زون میں ٹریڈ کر رہے تھے۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز ہنڈرڈ انڈیکس 1432 پوائنٹس کمی کے ساتھ ایک لاکھ 63 ہزار 98 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج کی گراوٹ نے سرمایہ کاروں کی تشویش مزید بڑھا دی ہے۔
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ امریکی کرنسی 281.17 روپے سے گھٹ کر 281.15 روپے پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔






