راولپنڈی میں جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے اور سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان کے اسپنر آصف آفریدی نے ڈیبیو کرتے ہوئے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ 38 برس اور 299 دن کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔
اس عمر کے ساتھ آصف آفریدی 21ویں صدی میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے دنیا کے سب سے عمر رسیدہ بولر بن گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے وہ دوسرے سینئر ترین ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
ان سے پہلے میران بخش نے 1955 میں 47 برس کی عمر میں پاکستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ عالمی سطح پر سب سے عمر رسیدہ ٹیسٹ ڈیبیو کا اعزاز انگلینڈ کے جیمز ساؤتھرٹن کے پاس ہے، جنہوں نے 1877 میں 49 سال اور 119 دن کی عمر میں آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے پہلے روز پاکستان نے 5 وکٹوں پر 259 رنز بنائے۔






