مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر پولیس نے افغان مہاجرین کی بے دخلی کے لیے 18 نومبر 2025 کی آخری تاریخ مقرر کر دی ہے۔ آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے مطابق ڈی آئی جیز اس آپریشن کی براہ راست نگرانی کریں گے، جبکہ ضلعی سطح پر ایس ایس پی اور ایس پی طورخم بارڈر تک ان کی روانگی کے ذمے دار ہوں گے۔
آئی جی نے ہدایت جاری کی ہے کہ مقررہ تاریخ تک تمام اضلاع کے پولیس افسران تصدیق کریں کہ ان کی حدود میں کوئی افغان شہری موجود نہ ہو۔ اگر 18 نومبر کے بعد کسی علاقے میں افغان مہاجر پایا گیا تو متعلقہ افسر کو معطل کر کے کارروائی کی جائے گی۔
مزید یہ کہ ایس ایس پی اور ایس پیز کو پابند کیا گیا ہے کہ بے دخلی سے متعلق رپورٹیں روزانہ کی بنیاد پر مرکزی پولیس دفتر کو ارسال کریں۔






