لاہور آج ایک بار پھر سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں شامل ہے، جہاں اوسط فضائی آلودگی کی سطح 266 تک پہنچ گئی ہے۔ عسکری 10 کے علاقے میں آلودگی کی سطح 414، سید مراتب علی روڈ میں 424 اور ڈی ایچ اے میں 328 ریکارڈ کی گئی ہے۔
بھارت میں دیوالی کے تہوار کے باعث آلودہ ہوائیں پنجاب کے مختلف شہروں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے پیش نظر صوبے میں ہنگامی ایکشن پلان فعال کر دیا گیا ہے۔ اس کے تحت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں کو فوری بند کیا جائے گا۔
دوسری جانب بھارت کا شہر نئی دہلی آج دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا ہے، جہاں فضائی آلودگی کی سطح 680 تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ نئی دہلی کی آلودگی کے اثرات لاہور میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں، جس سے دھند اور سموگ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ماسک کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سموگ مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر نے بھی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔






