بوڈاپیسٹ: ہنگری میں مسافر بس کے خوفناک حادثے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثہ اتوار کی علی الصبح شمال مشرقی ہنگری میں واقع ایک موٹروے پر پیش آیا۔ بس سربیا سے پولینڈ جارہی تھی اور اس میں مجموعی طور پر 57 افراد سوار تھے۔
حکام کے مطابق بس Mezőkeresztes اور Mezőnagymihály کے درمیان سفر کر رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔
حادثے میں 12 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 37 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 10 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حکام نے حادثے کے بعد بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے، تاہم فوری طور پر حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کی مکمل وجوہات تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکیں گی۔





