اسلام آباد: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 8 یوم کی توسیع کر دی ہے۔ اس کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ پابندی اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر بھی عائد ہے۔ تاہم، شادی، جنازہ اور سرکاری فرائض انجام دینے والے افراد پابندی سے مستثنیٰ ہیں، اور لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبہ کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ عوامی جلوس و دھرنے دہشت گردوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی ہفتہ یکم نومبر تک برقرار رہے گی اور عوامی آگاہی کے لیے بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے گی۔






