ٹک ٹاک کا بخار ایک اور جان لے گیا

0
196

کراچی: گلستانِ جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 22 سالہ نوبیاہتا خاتون فرزانہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق، واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جب فرزانہ اپنے شوہر غلام مصطفیٰ کے ساتھ گھر میں ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہی تھی۔ دورانِ ویڈیو شوہر کے ہاتھ میں موجود پستول اچانک چل گیا، جس کی گولی فرزانہ کے سر میں جا لگی۔ خاتون کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ ہفتے کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

ایس ایچ او گلستانِ جوہر انسپکٹر کاشف ربانی کے مطابق، پولیس نے شوہر غلام مصطفیٰ کو گرفتار کر کے آلۂ قتل (نائن ایم ایم پستول) برآمد کر لیا، جو بغیر لائسنس تھا اور مبینہ طور پر کشمور سے خریدا گیا تھا۔

تحقیقات کے مطابق، غلام مصطفیٰ اور فرزانہ کا ستمبر میں نکاح ہوا تھا جبکہ رخصتی ابھی باقی تھی۔ ملزم رنگ سازی کا کام کرتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت شوٹنگ کے دوران فرزانہ نے شوہر سے پوچھا تھا کہ “اس میں گولی تو نہیں؟” جس پر شوہر نے کہا “نہیں”، اور ویڈیو کے دوران ٹریگر دبانے سے حادثہ پیش آ گیا۔

مقتولہ کی لاش قانونی کارروائی کے بعد چھیپا سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے، جب کہ والدہ کے کراچی پہنچنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا