کٹھمنڈو: نیپال کی معروف گلوکارہ نیتو پاڈیل خودسوزی کے واقعے کے ایک ہفتے بعد زندگی کی بازی ہار گئیں۔ ان کی عمر 29 سال تھی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتو پاڈیل نے 17 اکتوبر کو اپنے قریبی دوست اور موسیقار بابل گیری کے اسٹوڈیو میں خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی تھی۔
انہیں شدید جھلسنے کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز کے مطابق ان کا 75 فیصد جسم جھلس گیا تھا اور تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
نیتو پاڈیل کا تعلق نیپال کی میوزک انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی آوازوں میں سے ایک تھا۔ وہ گزشتہ سات سال سے موسیقار بابل گیری کے ساتھ پیشہ ورانہ اور ذاتی تعلق میں تھیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق، دونوں کے درمیان حالیہ مہینوں میں شادی کے معاملات پر اختلافات پیدا ہوئے تھے۔ نیتو کے قریبی دوستوں نے الزام لگایا کہ بابل گیری کسی اور خاتون سے تعلق کے باعث شادی سے انکار کر رہے تھے۔
گلوکارہ کے بھائی گھنیش پاڈیل نے پولیس میں بابل گیری کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور بابل گیری سے ابتدائی تفتیش بھی کی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نیتو پاڈیل کی خودکشی کے محرکات میں ذاتی تعلقات، ذہنی دباؤ اور ممکنہ استحصال شامل ہو سکتے ہیں۔






