واشنگٹن: امریکا نے کولمبیا کے صدر گستاؤ پیٹرو پر منشیات کی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان پر اقتصادی پابندیاں لگا دی ہیں۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ان پابندیوں کے تحت صدر پیٹرو کے امریکا میں موجود تمام اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں، جبکہ امریکی شہریوں کو ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے مالی لین دین سے روک دیا گیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام منشیات کی اسمگلنگ اور بدعنوانی کے خلاف امریکی پالیسی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق، صدر پیٹرو کی حکومت نے کولمبیا میں منشیات فروش گروہوں کو تقویت دی، جس کے باعث منشیات کی ترسیل شمالی امریکا تک بڑھ گئی۔
دوسری جانب صدر گستاؤ پیٹرو نے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے منشیات فروشوں کے خلاف ریکارڈ کارروائیاں کیں، بڑی مقدار میں منشیات ضبط کی اور متعدد جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو ختم کیا۔
کولمبیا کی حکومت نے بھی امریکی فیصلے کو سیاسی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔






