کیراکس: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکا پر خطے میں نئی جنگ بھڑکانے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ ہونے نہیں دے گا۔
اپنے بیان میں صدر مادورو نے امریکا کی جانب سے کیریبین میں طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کے فیصلے کو اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا امن کا خواہاں ہے، لیکن کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے امریکی پابندیوں کے جواب میں دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کبھی گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا نے حال ہی میں کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو پر منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات لگا کر ان پر اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں، جس سے لاطینی امریکا میں کشیدگی بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔






