خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پروٹوکول کی وجہ سے سڑک بند ہونے پر عوام سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی۔
کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے سیکیورٹی چیف کو واضح ہدایت دی تھی کہ کوئی روٹ نہیں لگایا جائے گا، تاہم راستے میں گاڑیاں رکی دیکھ کر معلوم ہوا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایک منٹ کا روٹ لگایا گیا تھا۔
سہیل آفریدی کے مطابق جب انہوں نے سیکیورٹی چیف سے بازپرس کی تو انہیں بتایا گیا کہ یہ اقدام ان کی حفاظت کے لیے ضروری تھا، جس پر وزیراعلیٰ نے عوام سے براہِ راست معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی کوشش کریں گے کہ پروٹوکول سے شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔






