لاہور : 112 کلومیٹر جنگل نما حد بندی، ’لنگز آف لاہور‘ منصوبہ شروع

0
317

لاہور میں اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے شہر کے گرد جنگل نما حد بندی قائم کی جائے گی۔ پنجاب حکومت کا ’’لنگز آف لاہور‘‘ منصوبہ اس حوالے سے خطے کا منفرد اور بڑا ماحولیاتی اقدام تصور کیا جا رہا ہے۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اس منصوبے کے تحت 48 لاکھ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے، جبکہ پی ایچ اے لاہور اس وسیع فاریسٹیشن پروجیکٹ کو عملی شکل دے گا۔ مجوزہ جنگلی حصار کی مجموعی لمبائی 112 کلومیٹر اور رقبہ 1711 ایکڑ ہوگا۔

رنگ فاریسٹیشن کو تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 1210 ایکڑ اراضی پر 59 کلومیٹر طویل جنگل تیار کیا جائے گا، جسے ایک سال میں مکمل کیا جانا ہے۔ دوسرے مرحلے میں 31 جبکہ تیسرے مرحلے میں 22 کلومیٹر پر شجرکاری کی جائے گی۔ مجموعی طور پر یہ منصوبہ دو کروڑ سے زائد آبادی کو ماحول دوست فوائد پہنچائے گا۔

ترجمان کے مطابق اس پروجیکٹ میں پھلدار علاقائی درخت جیسے جامن، کچنار اور امرود شامل ہوں گے، جب کہ نمائشی اقسام میں پلکن، ارجن، گلِ نشتر، سکھ چین، جیٹروفہ اور دیگر درخت لگائے جائیں گے۔ منصوبہ اسموگ میں کمی کے ساتھ ساتھ شہر کے بے قابو پھیلاؤ کو روکنے میں بھی مدد دے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت یہ ماحولیاتی منصوبہ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ سینیئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب اسموگ کے خاتمے اور بہتر فضائی معیار کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا