امریکی ڈرونز پاکستان سے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں، طالبان حکومت

0
322

افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو افغانستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔

طلوع نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان یہ مطالبہ کرتا ہے کہ افغان سرزمین اس کے خلاف استعمال نہ ہو، اسی طرح طالبان حکومت نے بھی استنبول مذاکرات میں پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اپنی زمین اور فضائی حدود افغانستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکی ڈرون واقعی افغانستان کی فضاؤں میں داخل ہو رہے ہیں اور وہ پاکستانی حدود سے گزر کر آتے ہیں، جو ان کے مطابق ناقابل قبول ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے بغیر کسی ملک کا نام لیے کہا کہ کچھ عناصر افغانستان کے خلاف سرگرم رہے ہیں اور اب خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ عناصر براہِ راست سامنے نہیں آتے بلکہ دوسروں کے ذریعے دباؤ اور اشتعال انگیزی کا راستہ اپناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت کسی بھی سازش کے مقابلے میں مضبوطی سے کھڑی ہے اور خطے میں کسی غلط منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ استنبول اور دوحہ مذاکرات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا مؤقف ٹی ٹی پی کو کنٹرول کرنے پر رہا جو پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق طالبان وفد نے پاکستانی حکام کو یقین دلایا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جاتی، جبکہ پاکستان کے اندر کے معاملات پاکستان کو خود حل کرنے ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا