اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے واضح کیا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کو کسی صورت رول بیک نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی صوبوں کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے اور ایسے کسی بھی تجویز کی حمایت نہیں کرے گی جس سے صوبوں کے اختیارات کم ہوں۔
شازیہ مری نے کہا کہ صوبوں کو دیے گئے اختیارات پیپلز پارٹی نے بڑی جدوجہد کے بعد دلائے ہیں، اس لیے انہیں واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اگر کسی آئینی ترمیم میں نظام کی بہتری کا پہلو شامل ہو تو اسے ضرور سپورٹ کیا جاسکتا ہے، لیکن صوبائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف دوٹوک ہے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کسی معاملے میں پیپلز پارٹی کی شراکت داری چاہتی ہے تو اسے صوبائی اختیارات سے متعلق کسی متنازع تجویز سے گریز کرنا ہوگا۔






