بھارتی ریاست راجستھان میں ایک فوجی اہلکار کو چلتی ٹرین میں کمبل اور چادر کے تنازع پر قتل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جگر چوہدری نامی فوجی اہلکار 2 نومبر کو چھٹی لے کر گجرات کے شہر سابرمتی جا رہا تھا کہ اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
سفر کے دوران جگر چوہدری نے ٹرین اٹینڈنٹ سے چادر اور کمبل کا مطالبہ کیا، جس پر اٹینڈنٹ نے انکار کر دیا اور دونوں کے درمیان جھگڑا بڑھ گیا جو ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جھگڑے کے دوران ٹرین اٹینڈنٹ نے چاقو سے حملہ کیا، جس سے فوجی شدید زخمی ہوا اور زخم گہرے ہونے کی وجہ سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق ملزم کو ٹھیکیدار کے ذریعے تعینات کیا گیا تھا، لیکن قتل کے واقعے کے بعد اسے ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔






