لاہور — محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں سات روز کی توسیع کر دی ہے۔ اب یہ پابندیاں 15 نومبر تک برقرار رہیں گی اور اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں اور دھرنوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پنجاب بھر میں اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت پر بھی مکمل پابندی برقرار ہے۔ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔
پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازے اور تدفین پر نہیں ہوگا۔ سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران، اہلکار اور عدالتیں بھی اس حکم سے مستثنیٰ ہیں۔
حکام کے مطابق عوامی جلوس اور دھرنے سکیورٹی خطرات کے باعث دہشت گردوں کے لیے ممکنہ سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں، اسی لیے پابندی میں توسیع کی گئی ہے۔






