تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ان کے دو بیٹوں میں سے ایک کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں نیتن یاہو نے مبینہ کوشش کی مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ اسی وجہ سے ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی کو عیاشی قرار نہیں دیا جاسکتا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کا بیان بظاہر اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی شن بیت کے ساتھ ہونے والے اس معاہدے کے دفاع میں سامنے آیا ہے جس کے تحت ان کی اہلیہ اور دونوں بیٹوں کو کم از کم پانچ سال تک سکیورٹی فراہم کی جائے گی، خواہ نیتن یاہو آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوں یا شکست کھائیں۔
رپورٹس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ نیتن یاہو کے کس بیٹے کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
نیتن یاہو کے ایک بیٹے ایونر اسرائیل میں مقیم ہیں جبکہ دوسرے بیٹے یائر نے گزشتہ چند برسوں کا زیادہ تر وقت امریکا میں گزارا ہے۔





