ایران میں شدید خشک سالی کے باعث دارالحکومت تہران کے بعد اب بڑے شہر مشہد میں بھی پانی کی قلت خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق مشہد کے ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ 3 فیصد سے بھی کم رہ گیا ہے۔
مشہد واٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ شہر میں پانی کا انتظام اب ایک ہنگامی ضرورت بن چکا ہے اور موجودہ ذخائر شہری ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔
اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی خبردار کیا تھا کہ اگر بارش نہ ہوئی تو تہران میں اگلے ماہ پانی کی فراہمی محدود کرنا پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل خشک سالی کی صورت میں شہر کو خالی کرانا بھی پڑ سکتا ہے، صورتحال ’انتہائی تشویشناک‘ ہے۔
انہوں نے پانی اور توانائی کے وسائل کے بہتر انتظام اور مؤثر حکمتِ عملی بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا تھا۔






