معروف ادیبہ اور ماہرِ تعلیم ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں

0
376

لاہور: ملک کی نامور ادیبہ، محقق اور ماہرِ تعلیم ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا لاہور میں انتقال کر گئیں۔ ممتاز ڈرامہ نگار اور شاعر اصغر ندیم سید نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے اپنی ابتدائی اعلیٰ تعلیم لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی سے بی اے آنرز میں حاصل کی۔ اس کے بعد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے ماسٹرز اور یونیورسٹی آف ہوائی ایٹ مینوا سے تاریخ میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔

وہ ایک نمایاں ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں پرنسپل رہیں، جبکہ خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن کی چیئرپرسن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے متعدد تعلیمی اداروں میں تدریسی فرائض سرانجام دیے اور لاہور کے بارہ دروازوں پر پی ٹی وی پروگرام کے ذریعے بھی شہرت حاصل کی۔

صدر، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں کے لیے بڑا نقصان ہے۔ صدر نے کہا کہ مرحومہ نے اپنی زندگی علم، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کے لیے وقف کی اور قومی زبان کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اہلِ خانہ، شاگردوں اور علمی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے ان کی تدریسی، تحقیقی اور بالخصوص اردو زبان کے فروغ کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی سماجی اور تعلیمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا