اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور دانشور سینیٹر عرفان صدیقی کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے عرفان صدیقی کی سیاست اور ملک کیلئے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ ایک شائستہ، بردبار اور اعلیٰ ظرف شخصیت تھے جنہوں نے پاکستان کی فکری اور سیاسی تاریخ میں گہرا نشان چھوڑا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی وفا کا پیکر اور ملک کے فکری و صحافتی افق کے روشن ستارہ تھے، اور انہوں نے ہر دور میں اصول، تحمل اور مہذب سیاست کی مثال قائم کی۔ شہباز شریف نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔






