اسلام آباد میں 27ویں آئینی ترمیم پر ووٹنگ کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ وہیل چیئر پر پارلیمنٹ پہنچے۔ ان کی آمد نے ایوان میں ایک جذباتی لمحہ پیدا کیا۔
نواز شریف اپنی نشست سے اٹھ کر خورشید شاہ کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ان سے ملے اور ان کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خورشید شاہ گزشتہ کئی ماہ سے علیل ہیں۔ تقریباً دو ماہ قبل انہیں این آئی سی وی ڈی سکھر منتقل کیا گیا تھا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں مزید طبی دیکھ بھال کے لیے کراچی لے جایا گیا۔ انہیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر خصوصی سرکاری طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔






