پاکستان نے عمان کے شہر مسقط میں ہونے والی عالمی کپ اسنوکر ٹیم چیمپیئن شپ 2025 اپنے نام کر لی۔ فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 3-2 کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔ سیمی فائنل میں پاکستانی جوڑی نے روایتی حریف بھارت کو 3-1 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستانی ٹیم میں سابق عالمی چیمپیئن محمد آصف اور اسجد اقبال شامل تھے، جنہوں نے فائنل میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی۔ آخری فریم میں فتح نے پاکستان کے نام عالمی ٹائٹل طے کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، اسنوکر اینڈ بیلئیرد ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کھلاڑیوں کو جیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ محمد آصف اور اسجد اقبال نے پاکستان کا نام روشن کیا اور سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔





