گٹر میں گر کر بچے کی ہلاکت،5 افسر معطل

0
405

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر نیپا چورنگی پر مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کی ہلاکت کے واقعے پر 5 متعلقہ افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کا نوٹیفکیشن محکمہ بلدیات سندھ نے جاری کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت واقعے سے متعلق اجلاس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی، ٹاؤن انتظامیہ، ریونیو اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ بچے کی المناک موت پر گہرا دکھ ہے اور غفلت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

معطل ہونے والے افسران میں کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال عامر علی شاہ اور مختیار کار گلشن اقبال سلمان فارسی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ واقعہ اتوار کی رات پیش آیا تھا جب 3 سالہ ابراہیم نجی ڈیپارٹمنٹل سٹور کے باہر گٹر میں گر گیا۔ اہلخانہ اور مقامی لوگوں نے مشینری استعمال کر کے بچے کی تلاش کی، تاہم 14 گھنٹے بعد مقامی نوجوان نے بچے کی نعش نالے سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر تلاش کر لی۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری محکمہ بلدیات کو بھجوائی، جس میں بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیرات کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا