پاکستان کا برطانیہ سے شہزاد اکبر ، عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ

0
107

پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا باقاعدہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں افراد پاکستان میں انتہائی مطلوب ہیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک۔برطانیہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

محسن نقوی نے برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی سے متعلق معاملات پر بات کی۔ اس دوران انہوں نے حوالگی کے سرکاری کاغذات برطانوی حکام کے حوالے کیے، جو شہزاد اکبر اور عادل راجہ سے متعلق ہیں۔

وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ یہ دونوں افراد پاکستان میں مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں، اس لیے ان کی فوری حوالگی ضروری ہے۔ انہوں نے بیرونِ ملک بیٹھ کر منفی پروپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف موجود شواہد بھی پیش کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آزادی اظہار کا احترام کرتا ہے، لیکن جھوٹی خبروں کا مسئلہ ہر ملک کے لیے چیلنج ہے۔ ریاست اور اداروں کے خلاف غلط بیانی اور بے بنیاد الزامات کی کسی ملک میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کی واپسی کے سلسلے میں برطانوی حکومت کا تعاون خوش آئند ہوگا۔

محسن نقوی نے مزید بتایا کہ وزارت داخلہ نے وزارتِ خارجہ کے ذریعے حوالگی کا قانونی عمل بھی شروع کر دیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا