جعلی ویزوں پر سفر کرنیوالے 5 پاکستانی ملک بدر

0
215

شارجہ: حکام نے جعلی برطانوی ویزوں پر سفر کرنے کی کوشش کرنے والے پانچ پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرنے کے بعد وطن واپس بھیج دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق گرفتار افراد برطانیہ جانے کے لیے جعلی سفری دستاویزات استعمال کر رہے تھے جو مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کی مدد سے تیار کی گئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ پانچوں افراد اس سال لاہور سے ملائیشیا وزٹ ویزوں پر سفر کرچکے تھے، تاہم شارجہ امیگریشن نے اس بار دستاویزات کی جانچ کے دوران جعل سازی پکڑ لی۔

حکام نے مسافروں کو فوری طور پر ڈیپورٹ کر دیا، جس کے بعد لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے انہیں حراست میں لے لیا۔ ایف آئی اے اینٹی ہیومن اسمگلنگ سرکل کی جانب سے گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی ہجرت اور جعلی سفری دستاویزات کی روک تھام کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ کا پائلٹ پراجیکٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر داخلہ کے مطابق نئی ایپ مسافروں کی جانچ کو بہتر بنائے گی اور جعلی ویزوں و ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی جائے گی۔

محسن نقوی نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کے ہمراہ اجلاس میں امیگریشن اصلاحات کا بھی جائزہ لیا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں اور پاکستان کی عالمی ساکھ کو بہتر بنایا جاسکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا