جنوبی افریقہ کے دارالحکومت پریٹوریا کے قریب ساولز ویل ٹاؤن شپ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک ہاسٹل پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور صبح کے وقت ہاسٹل میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ہلاک ہونے والوں میں طلبا، اساتذہ، عملہ اور ہاسٹل سے باہر موجود کئی افراد شامل ہیں۔ مرنے والوں میں ایک 3 سالہ بچہ، 12 سالہ لڑکا اور 16 سالہ لڑکی بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد تین مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ واقعے کا تعلق ہاسٹل کے اندر قائم غیر قانونی بار سے ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ میں غیر قانونی بارز، منظم جرائم اور اسلحے کی آسان دستیابی کے باعث اجتماعی فائرنگ کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ایسے غیر قانونی مراکز قتل و غارت کے بڑے اڈے بن چکے ہیں جنہیں روکنا ایک بڑا چیلنج ہے۔





