کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز میں شریک نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں اور یہ ایتھلیٹس عالمی سطح پر پاکستان کا نام بلند کریں گے۔
نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 سال بعد کراچی میں نیشنل گیمز کی میزبانی قابل فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہاں موجود کھلاڑی آگے چل کر عالمی مقابلوں میں میڈلز جیت کر ملک کی نمائندگی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے آئے نوجوانوں کو مثبت ماحول اور بہتر مواقع فراہم ہونا ایک خوش آئند امر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 18 سال بعد کراچی میں قومی کھیلوں کا انعقاد صوبے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پورے ملک سے آئے ایتھلیٹس 32 کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں اور یہ ایونٹ قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں اور مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، اور نیشنل گیمز کو مثالی ایونٹ بنایا جائے۔





