کراچی سمیت سندھ بھر میں امن، رواداری اور محبت کے پیغام کے ساتھ سندھی ثقافت کا دن جوش و خروش سے منایا گیا۔ کراچی میں پریس کلب اور فوارہ چوک پر لوگ دوپہر سے جمع ہونا شروع ہوئے، جہاں متعدد استقبالیہ کیمپس لگائے گئے اور اجرک سمیت دیگر ثقافتی ملبوسات کی خرید و فروخت جاری رہی۔
پریس کلب کے قریب سجائے گئے اسٹیج پر شرکا نے موسیقی اور ثقافتی رقص کے ذریعے اپنی ثقافت کو اجاگر کیا۔ لوگ فیملیز کے ہمراہ شریک ہوئے اور اجرک اور ٹوپی پہن کر اپنی پہچان کا اعلان کیا۔
حیدرآباد میں شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں، جہاں مرد، خواتین اور بچوں نے ثقافتی لباس زیب تن کیا اور ثقافتی گیتوں پر جھومتے رہے۔ سکھر کے مختلف علاقوں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں، شرکا نے سندھی گیتوں اور رقص کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ جوگی برادری نے سٹی پوائنٹ سے گلوب چوک تک ریلی منعقد کی۔
میرپورخاص میں ملاکھڑے کے مقابلے ہوئے اور دیگر تقریبات بھی جاری رہیں۔ جیکب آباد، ٹھٹہ، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہرو فیروز، نواب شاہ، گھوٹکی، عمرکوٹ، سانگھڑ اور تھرپارکر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں شہریوں نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔
بلوچستان کے نصیر آباد، جعفرآباد، سبی اور حب سمیت دیگر علاقوں میں بھی سندھی کلچر ڈے بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔






