امریکا کا ریکوڈک میں 1.25 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

0
401

پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اعلان کیا ہے کہ ایگزم بینک دوطرفہ شراکت داری کے تحت بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے پر 1.25 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، جس سے دونوں ممالک میں ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک نے پاکستان میں ریکوڈک منصوبے میں کان کنی اور اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون کے لیے مالی معاونت کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آنے والے برسوں میں اس منصوبے کے تحت ریکوڈک کان کی تعمیر اور انتظام کے لیے دو ارب ڈالر کی اعلیٰ معیار کی امریکی معدنیاتی مشینری اور خدمات پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔

نیٹلی بیکر کے مطابق اس منصوبے سے امریکا میں تقریباً 6 ہزار اور بلوچستان میں 7 ہزار 500 روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ماڈل پروجیکٹ کے طور پر امریکی ایکسپورٹرز اور مقامی کمیونیٹیز کے لیے فائدہ مند ہوگا اور دونوں ممالک کی خوش حالی میں حصہ ڈالے گا۔

امریکی ناظم الامور نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دوران ایسے معاہدے امریکی سفارت کاری کا اہم حصہ بن گئے ہیں اور امریکی کمپنیاں پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں مزید شراکت داری کے لیے پرعزم ہیں۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق ایگزم بینک کی 1.25 ارب ڈالر مالی معاونت سے بلوچستان میں معاشی ترقی کو فروغ ملے گا اور پاکستان و امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون مضبوط ہوگا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا