امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مایوسی کی حالت میں ملک سے باہر جانا مسائل کا حل نہیں، ہمیں عالمی سطح پر نظام بدلنا ہے اور اپنے حامی تیار کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا اتنا بڑا اجتماع پہلے کبھی نہیں ہوا۔ جماعت اسلامی کا حالیہ اجتماع نوجوان نسل کے لیے ایک امید بن کر سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مہارت، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ ہنر حاصل کرنے والے نوجوانوں کی سرپرستی بھی کی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی نے اپنے اجتماع میں پوری قوم کے لیے واضح لائحہ عمل پیش کیا اور جماعت اسلامی کو اس اجتماع پر دنیا بھر سے غیر معمولی پذیرائی ملی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک ایسا نظام موجود ہے جو ظالموں کا ساتھ دیتا ہے، جبکہ چند طاقتور افراد نے طاقت کی بنیاد پر پوری دنیا پر قبضہ جما رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عالمی سطح پر اس نظام کو بدلنے اور اپنے حامی تیار کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ مغرب میں بھی بہت سے لوگ اس نظام کے خلاف کھڑے ہو چکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام ایک مکمل نظامِ حیات ہے جو پوری انسانیت کو عدل فراہم کر سکتا ہے، قوموں کی قوموں پر بالادستی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا نعرہ ’’بدلو نظام‘‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ عوام کی تمنا اور خواہش کی ترجمانی ہے۔






