امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ رات سوشل میڈیا پر غیر معمولی سرگرمی دکھاتے ہوئے رات 9 بجے سے صبح 4 بجے تک مسلسل مختلف پوسٹس شیئر کیں۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اوسطاً ہر گھنٹے ایک نئی پوسٹ کی۔ رات 9 بجے کی پوسٹ میں انہوں نے پوپ لیو کو خارجہ پالیسی کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد انہوں نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ “یسوع مسیح” جیسی اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس پر امریکا میں شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
بعد ازاں انہوں نے چاند پر “ٹرمپ ٹاور” کی ایک تصویر بغیر کسی وضاحت کے شیئر کی۔ رات ساڑھے 12 بجے انہوں نے ایرانی بندرگاہوں سے آنے جانے والے جہازوں کا راستہ بلاک کرنے سے متعلق بیان بھی جاری کیا۔
رات تقریباً ڈھائی بجے انہوں نے جو بائیڈن اور ہنٹر بائیڈن سے متعلق ایک مضمون شیئر کیا، جسے چند منٹ بعد دوبارہ پوسٹ کیا گیا، جبکہ اس دوران دیگر مختلف موضوعات پر بھی پوسٹس جاری رہیں۔
صبح 4 بج کر 10 منٹ پر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے متعلق ایک خبر بھی شیئر کی۔ ان تمام پوسٹس کے دوران انہوں نے کئی دیگر مضامین اور معلومات بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔
ٹرمپ کی اس غیر معمولی آن لائن سرگرمی پر سوشل میڈیا صارفین اور تجزیہ کاروں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔






