پاکستان میں پہلی بین الاقوامی ٹیلی روبوٹک سرجری: مریضہ کا آپریشن کامیابی سے مکمل

0
582

کراچی: پاکستان نے پہلی بار بین الاقوامی ٹیلی سرجری کا سنگِ میل عبور کر لیا۔ کراچی کے لیاری جنرل اسپتال میں ٹیلی روبوٹک سرجری کے ذریعے مریضہ کا گائناکولوجی آپریشن کامیابی سے انجام دیا گیا۔

کویت میں موجود ڈاکٹروں نے تقریباً 1,600 کلومیٹر کی دوری سے مریضہ کا آپریشن کیا۔ سرجری کے دوران 30 میگا بائٹ فی سیکنڈ کی رفتار کے انٹرنیٹ کا استعمال کیا گیا، جبکہ سرجن کی کمانڈ اور روبوٹ کے ردِعمل کے درمیان صرف 30 مائیکرو سیکنڈ کا فرق ریکارڈ کیا گیا۔

لیاری جنرل اسپتال میں منعقدہ تقریب میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ اسپتال میں جدید طبی سہولیات کا افتتاح کیا گیا ہے، جن میں مارچری، فارنزک سیکشن، مائیکرو بایولوجی، بایو کیمسٹری اور پیتھالوجی کی جدید لیبارٹریز شامل ہیں۔ ساتھ ہی ایک تربیتی لیب بھی قائم کی گئی ہے جہاں میڈیکل طلبہ کو مینیکنز کے ذریعے عملی تربیت دی جائے گی۔

وزیر صحت کے مطابق ٹیلی روبوٹک سرجری میں پیٹ پر چیرا نہیں لگتا بلکہ چھوٹے سوراخوں کے ذریعے کیمرہ اور آلات جسم کے اندر داخل کیے جاتے ہیں۔ اس جدید نظام کے ذریعے ٹیومر، امراضِ نسواں، گردے اور گیسٹرو انٹسٹائنل سرجریز بھی ممکن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر سرکاری اسپتال میں معیاری اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں، اور اب اس میں واضح بہتری نظر آ رہی ہے۔ لیاری جنرل اسپتال خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا